نوعمر لڑکی سے زیادتی چھپانے پر ڈاکٹر کی ضمانت منسوخ

نوعمر لڑکی سے زیادتی چھپانے پر ڈاکٹر کی ضمانت منسوخ

ڈاکٹر نے پولیس کو مطلع نہیں کیا تھا
نوعمر لڑکی سے زیادتی چھپانے پر ڈاکٹر کی ضمانت منسوخ

ویب ڈیسک

|

20 Oct 2025

کراچی کی مقامی عدالت نے ایک نوعمر دلہن کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کے کیس میں ملوث ڈاکٹر کی عبوری قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی ہے۔

جج عبدالظہور چانڈیو نے ڈاکٹر محمد رؤف کی ضمانت منسوخی کا حکم سنایا۔

استغاثہ کے مطابق، ملزم ڈاکٹر پر الزام ہے کہ جب متاثرہ لڑکی کو علاج کے لیے اس کے کلینک لایا گیا تو اس نے واقعے کی اطلاع پولیس کو نہیں دی، بلکہ متاثرہ کے شوہر کے ساتھ مل کر جرم کو چھپانے کی کوشش کی۔

پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے ملزمان سے ایک حلف نامہ بھی حاصل کیا، جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس واقعے کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نہیں دیں گے۔

دوسری جانب، ڈاکٹر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں ان کے مؤکل کے خلاف کوئی براہِ راست الزام موجود نہیں۔ ان کے مطابق، ڈاکٹر کو صرف ایک طبی ماہر کی حیثیت سے بلایا گیا تھا تاکہ وہ متاثرہ کو طبی امداد فراہم کر سکے۔

وکیل نے کہا کہ دورانِ آپریشن ڈاکٹر کو معلوم ہوا کہ متاثرہ کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں، جن کے لیے میڈیکو لیگل کارروائی ضروری تھی۔

واضح رہے کہ 19 سالہ متاثرہ لڑکی 24 جولائی کو ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں دو ہفتے سے زائد کوما میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، لڑکی کو شادی کے بعد شوہر کے مبینہ تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!