21 hours ago
رینجرز اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم دھر لیا گیا

Webdesk
|
25 Apr 2025
کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس انویسٹی گیشن برانچ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ سہراب گوٹھ سے رینجرزا ہلکار ظہیر الدین کے قتل میں ملوث ملزم عیسی عرف بسم اللہ کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم عیسی عرف بسم اللہ اپنے ساتھی سعید عرف طور خان کے ہمراہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ ، جمالی گوٹھ، سپر ہائی وے اور گردو نواح کے علاقوں میں ڈکیتی کی متعد دوارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 30 مارچ 2025 کو چھٹی پر گھر آئے ہوئے اہلکار ظہیر الدین کو سہراب گوٹھ کے علاقہ فتح محمد گبول گوٹھ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
جس کا مقدمہ تھانہ سہراب گوٹھ میں مورخہ 31 مارچ 2025 کوشہیداہلکار ظہیر الدین کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
وقوعہ کے فوری بعد ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس کی مشتر کہ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانہ سہراب گوٹھ کی حدود میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے رینجرز اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم عیسی عرف بسم اللہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کا دوسر ا ساتھی سعید عرف طور خان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوران تفتیش ملزم نے اپنے مفرور ساتھی سعید عرف طور خان کے ہمراہ ڈکیتی مزاحمت پر اہلکار ظہیر الدین کو فائرنگ کر کے شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
Comments
0 comment