4 hours ago
ریس لگاتے ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار ہو کچل دیا، 3 سوار تھے
ویب ڈیسک
|
16 Dec 2025
کراچی کے علاقے ملیر جناح ایونیو کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر تین افراد سوار تھے، جن میں سے ایک شدید زخمی ہوا جبکہ تیسرا شخص محفوظ رہا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ڈمپر اور مسافر کوچ سڑک پر ایک دوسرے سے ریس لگا رہے تھے۔ تیز رفتاری کے دوران مسافر کوچ نے پہلے ایک کار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کار کا ڈرائیور محفوظ رہا۔ اس کے فوراً بعد ڈمپر بے قابو ہو کر موٹرسائیکل پر چڑھ دوڑا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ مسافر کوچ کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈرائیور اور کوچ کو پکڑنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
حکام کے مطابق کراچی میں رواں سال ہیوی ٹریفک کی لاپرواہی کے باعث حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق صرف رواں سال ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 249 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر مختلف ٹریفک حادثات میں 819 افراد جاں بحق اور 11 ہزار 715 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور ہیوی گاڑیوں کی نگرانی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
Comments
0 comment