شہر قائد میں ڈاکو راج قائم، 2024 کے 29 روز میں گیارہ شہری مزاحمت پر قتل

شہر قائد میں ڈاکو راج قائم، 2024 کے 29 روز میں گیارہ شہری مزاحمت پر قتل

کراچی میں 29 جنوری کو تین مختلف واقعات میں دو نوجوانوں سمیت تین افراد جاں بحق
شہر قائد میں ڈاکو راج قائم، 2024 کے 29 روز میں گیارہ شہری مزاحمت پر قتل

ویب ڈیسک

|

30 Jan 2024

شہر قائد میں ڈاکو راج بدستور قائم ہے اور مسلح افراد نے مزاحمت پر 11 شہریوں کی زندگیاں چھین لیں۔

تفصیلات کے مطابق 29 جنوری کو ڈکیتوں نے 18 سالہ نوجوان سمیت پھل فروش اور ایک شہری کو قتل کیا جس کے بعد شہر میں رواں سال کے 29 دنوں میں ہونے والی اموات کی تعداد گیارہ تک پہنچ گئی۔

مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں قائد اعظم کالونی میں عظیم گبول پارک کے قریب  موٹرسائیکل پر آئے تین ڈکیتوں نے 18 سالہ نوجوان کامران سے موبائل چھینا جس پر نوجوان نے ایک ڈکیت کو دبوچ لیا۔

نوجوان کے ڈکیت کو پکڑنے پر اُس کے دوسرے ساتھی نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کامران موقع پر ہی دم توڑ گیا تاہم فائرنگ سے ڈکیت کا ساتھی زخمی ہوا جسے پولیس نے سول اسپتال سے گرفتار کرلیا۔

نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ چانڈیو چوک جی 23 بس کے آخری اسٹاپ پر 28 سالہ پھل فروش کو مزاحمت پر قتل کیا، جس کی شناخت گل محمد جان سے ہوئی۔ مقتول گدھا گاڑی پر پھل فروخت کررہا تھا۔

اس کے علاوہ نیو کراچی صنعتی ایریا کے ہی علاقے 8 نمبر سیکٹر الیون جی میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت چالیس سالہ تاج محمد کے نام سے ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق مقتول کے پاس لائسنس والا پستول تھا، اُس نے واردات کے بعد جیسے ہی پستول نکالا تو ڈکیتوں نے دیکھتے ہی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تاج محمد شدید زخمی ہوا۔ مقتول کا تعلق مذہبی جماعت سے بتایا جارہا ہے۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!