اسلام آباد دھماکا، اموات کی تعداد پر انتظامیہ مکر گئی، نئے اعداد و شمار جاری
ویب ڈیسک
|
6 Feb 2026
وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقے شہزاد ٹاؤن میں واقع ایک امام بارگاہ میں جمعے کی نماز کے دوران زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 169 سے زائد زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل انتظامیہ نے دھماکے میں 69 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم کچھ گھنٹے بعد اس کو کم کر کے 31 کے ساتھ نئی فہرست اور اعداد و شمار جاری کیے گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو پمز اسپتال اور پولی کلینک سمیت قریبی طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔
پمز اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ہدایت پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ آرتھوپیڈک، نیورولوجی اور برن یونٹ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور عام افراد کا داخلہ بند ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔
کئی زخمیوں کو علاج کیلیے راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے جبکہ دھماکے میں پولیس و سرکاری افسران کی شہادت کی بھی اطلاعات ہیں۔
Comments
0 comment