3 hours ago
اسلام آباد پولیس کا منظم گینگ پکڑا گیا، تاجر سے کروڑوں تاوان وصول کیا
ویب ڈیسک
|
13 Dec 2025
اسلام آباد میں وفاقی پولیس کے دو اہلکاروں پر اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس میں سونے کے ایک تاجر کو نشانہ بنا کر کروڑوں روپے بٹورے گئے۔
ذرائع کے مطابق سوات سے تعلق رکھنے والا سونے کا تاجر راولپنڈی میں کاروبار مکمل کرنے کے بعد واپسی پر تھا کہ اسے پولیس کے دو اے ایس آئیز اور ان کے ساتھیوں نے روک لیا۔
ملزمان نے تلاشی کے بہانے تاجر کو زبردستی ایک نجی مقام پر لے جا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی سے مبینہ طور پر 2 کروڑ روپے برآمد کیے۔
متاثرہ تاجر کا کہنا ہے کہ ملزمان میں شامل ایک شخص نے خود کو ایف آئی اے افسر ظاہر کیا۔ تشدد اور دباؤ کے بعد ملزمان نے دو کروڑ روپے اپنے پاس رکھے جبکہ بقیہ رقم واپس کر کے خاموش رہنے اور سادہ کاغذات پر انگوٹھے لگوانے پر مجبور کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ ایس پی صدر علی کاظم کی تحقیقات میں دونوں اے ایس آئیز کو قصوروار قرار دیا گیا، جس کے بعد ان سمیت دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اس واردات میں اے ایس آئی زربادشاہ اور اے ایس آئی فخر کے ساتھ ایک جعلی ایف آئی اے افسر اور دو مخبر بھی شامل تھے۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ چھینی گئی رقم میں سے آدھی رقم مخبروں کو دی گئی جبکہ باقی رقم پولیس اہلکاروں اور جعلی افسر کے درمیان تقسیم ہوئی۔
پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment