1 hour ago
سانحہ بھاٹی گیٹ، کھلے مین ہول میں گرنے والی خاتون کی لاش برآمد
ویب ڈیسک
|
29 Jan 2026
لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں مین ہول میں گرنے والی خاتون کی لاش برآمد ہوگئی جبکہ بچی کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے بعد بالآخر رضاکاروں نے دونوں لاشیں تلاش کر لیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون اپنی شیر خوار بچی کے ساتھ سڑک پر جا رہی تھی کہ اچانک کھلا مین ہول نظر نہ آنے کے باعث دونوں اس میں جا گریں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد پہلے بچی اور بعد میں خاتون کی لاش برآمد کی گئی، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب واقعے سے متعلق متضاد بیانات بھی سامنے آئے۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ابتدائی طور پر اس واقعے کو فیک خبر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ تاہم بعد میں ریسکیو حکام کی جانب سے لاشوں کی برآمدگی کی تصدیق کے بعد معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے اور شہریوں نے کھلے مین ہولز پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو یہ قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments
0 comment