سی ٹی ڈی کی کارروائی، کراچی دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک
Webdesk
|
24 Jul 2024
کراچی: ناردرن بائی پاس پر سی ٹی ڈی سول کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کراچی پولیس آفس پرحملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہوگیا جس کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن کی ٹیم نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب موچکو تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس حنفیہ مسجد کے قریب دہشت گردوں کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں مبینہ دہشت گرد کے حوالے سے بتایا گیا کہ کارروائی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
ہلاک دہشت گرد کو کسی کے انتظار میں کھڑا پایا جس نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جبکہ جوابی فائرنگ سے دہشت گرد زخمی ہو کر گر گیا۔
دہشت گرد کی فائرنگ سے ایک گولی پولیس جوان سب انسپکٹر عرفان کی پہنی ہوئی بلٹ پروف جیکٹ پر لگی جس کی وجہ سے جوان محفوظ رہا،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے پستول اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
زخمی حالت میں گرفتار دہشت گرد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دوران سفر خون زیادہ بہہ جانے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز سی ٹی ڈی کے دیگر افسران کے ہمراہ سول اسپتال پہنچ گئے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک مبینہ دہشت گرد کی شناخت 35 سالہ عمرفاروق عرف فرید اللہ عرف ڈاکٹر ولد شہروز خان کے نام سے کی گئی جو کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے کراچی پولیس آفس(کے پی او)حملہ کیس میں مفرور اور ماسٹر مانڈ تھاجبکہ قتل، اقدام قتل، دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔
Comments
0 comment