1 hour ago
سیکیورٹی گارڈ نے بلیک میل کرنے والی خاتون کو موت کے گھاٹ اتار دیا
Webdesk
|
12 Feb 2026
کراچی: پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور خول برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے اور دوران تفتیش گرفتار گارڈز نے بتایا کہ مقتولہ خاتون اسے بیلک میل کر رہی تھی اور اسی وجہ سے اس نے فائرنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم شدید زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی۔
مقتولہ خاتون کی شناخت 32 سالہ زاہدہ زوجہ آصف کے نام سے کی گئی، مقتولہ خاتون چاندنی چوک کی رہائشی تھی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کیا۔
ایس ایچ او پاپوش نگر شوکت اعوان نے بتایا کہ مقتولہ خاتون کو نجی بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ صادق ولد حاجی خان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ صادق کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار سیکیورٹی گارڈ نے انکشاف کیا ہے کہ مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ پہلے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے مقتولہ خاتون نے گزشتہ ماہ گرفتار سیکیورٹی گارڈ سے 50ہزار روپے لیے تھے اور مزید رقم کا تقاضا کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے پاس گرفتار سیکیورٹی گارڈ کی ویڈیو موجود تھی اور مزید رقم نہ ملنے پر گارڈ کو ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کر رہی تھی جس کی وجہ سے گرفتار سیکیورٹی گارڈ پریشان تھا۔
Comments
0 comment