عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
Webdesk
|
13 Dec 2024
آل رائونڈر عماد وسیم نے جمعہ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ جاری رکھنے کے ارادے کی تصدیق کی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں 34 سالہ کرکٹر نے اپنے کیرئیر کی عکاسی کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اپنے وقت کو ایک اعزاز قرار دیا اور مداحوں کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
قومی کرکٹر نے لکھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، اور سبز جرسی پہننا ہر لمحہ ناقابل فراموش رہا ہے۔جب کہ یہ باب ختم ہو رہا ہے، میں ڈومیسٹک اور فرنچائز فارمیٹس کے ذریعے کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔
یہ دوسرا موقع ہے جب عماد نے بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔
نومبر 2023 میں، انہوں نے ابتدائی طور پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا لیکن بعد میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام سے بات چیت کے بعد مارچ 2024 میں اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے آئی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
واضح رہے عماد وسیم نے مئی 2015میں زمبابوے کے خلاف پاکستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اس کے بعد سے 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں، جس میں1,540 رنز بنائے اور 117 وکٹیں لیں۔
Comments
0 comment