بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، عماد وسیم
Webdesk
|
16 Jun 2024
فلوریڈا : قومی ٹیم کے آل رانڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے بھارت سے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا گیم پلان یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لے کر جانا ہے کیوں کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نہیں تھی، بدقسمتی سے میں اپنے پلان پر عملدرآمد نہیں کرواسکا۔
بھارت نے بہت اچھی بالنگ کی اور ہمیں زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔امریکا اور بھارت سے شکست پر انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں کا کام نہیں ہوتا، جو بھی ہوتا ہے ٹیم ورک کے نتیجے میں ہوتا ہے۔
بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ سے ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جو بھی کروں گا، سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا۔
انہوںنے کہاکہ چیئرمین پی سی بی بھی ٹیم سے متعلق کچھ فیصلے کریں گے۔عماد وسیم نے کہا کہ جس طرح وائٹ بال کرکٹ کھیلنی چاہیے پاکستان کو بھی ویسی کرکٹ کھیلنے چاہیے اور جس طرح دنیا کی باقی ٹیمیں کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہمیں بھی ویسی کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو دیکھنا ہوگا کہ ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں اور ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے، بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ کو مزید بہتر کرنا ہوگا۔
ٹی20 میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن ہمیں امریکا سے میچ نہیں ہارنا چاہیے تھا اور بھارت کے خلاف ہم جیتی ہوئی بازی ہارگئے، ان سب چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے آل رائونڈرنے کہا کہ پاکستان کرکٹ اس طرح کبھی باہر نہیں ہوئی، جتنا قوم کو ہماری کارکردگی پر افسوس ہے اس سے زیادہ ہمیں اس کا بات اندازہ ہے۔
Comments
0 comment