دنیا کے 14 سابق کپتانوں کو عمران خان کی صحت پر تشویش

دنیا کے 14 سابق کپتانوں کو عمران خان کی صحت پر تشویش

سابق عالمی کپتانوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا
دنیا کے 14 سابق کپتانوں کو عمران خان کی صحت پر تشویش

ویب ڈیسک

|

17 Feb 2026

دنیا کے 14 سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے مشترکہ طور پر پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ورلڈ کپ فاتح کپتان عمران خان کو فوری اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک اپیل میں ان سابق کپتانوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی صحت اور حراست کے حالات پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستان کے سابق کپتان رہے ہیں بلکہ عالمی کرکٹ کی ایک نمایاں اور باوقار شخصیت بھی ہیں۔

اپیل پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گوور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، اسٹیفن وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔

سابق کپتانوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی، جو قیادت، حوصلے اور اسپورٹس مین شپ کی بہترین مثال تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے کھلاڑیوں نے ان کے خلاف کھیلا، ان کے ساتھ میدان میں وقت گزارا یا ان کی کارکردگی سے متاثر ہو کر کرکٹ سیکھی۔ عمران خان کو کھیل کی تاریخ کے بہترین آل راؤنڈرز اور کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان پاکستان کے منتخب وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں، تاہم سیاسی اختلافات ان کے بنیادی انسانی حقوق پر اثر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔

سابق کپتانوں نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کے منتخب کردہ ماہر ڈاکٹروں سے فوری اور مسلسل طبی معائنہ اور علاج کی سہولت دی جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق باوقار اور انسانی سلوک فراہم کیا جائے اور قریبی اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقاتوں کی اجازت دی جائے۔

اپیل کے اختتام پر کہا گیا کہ کرکٹ ہمیشہ قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ میدان میں مقابلہ ختم ہونے کے بعد احترام باقی رہتا ہے، اور عمران خان نے اپنے کیریئر کے دوران اسی جذبے کی نمائندگی کی۔ یہ مطالبہ کھیل اور انسانیت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا کسی قانونی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!