ہائبرڈ ماڈل، محسن نقوی نے بھارت کو بڑا دھچکا دے دیا

ویب ڈیسک
|
19 Apr 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کو عین وقت پر بڑا دھچکا دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے تاہم محسن نقوی نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت واضح اعلان کیا ہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سفر نہیں کرے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ "پاکستان ویمنز ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ معاہدے کے مطابق ہماری ٹیم وہاں نہیں جائے گی۔"
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے ہی ایک معاہدہ ہو چکا ہے اور اب فیصلہ بھارت کو کرنا ہے کہ غیر جانبدار مقام کہاں طے کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جہاں بھی نیوٹرل وینیو ہوگا، ہماری ٹیم وہاں ضرور شرکت کرے گی، لیکن بھارت نہیں جائے گی۔ معاہدہ ہے، تو اس کی پاسداری ہونی چاہیے۔"
محسن نقوی نے ویمنز ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "جب ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلتی ہے تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں۔ ہر ٹیم کو ایک یونٹ بن کر کھیلنا چاہیے۔"
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کا مناسب انعام دیا جائے گا، جو ان کا حق بنتا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ خواتین کرکٹ سے متعلق چند منصوبے زیر عمل ہیں اور جلد اس بارے میں تازہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویمنز ٹیم میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کے بعد ایک مستحکم لائن اپ قائم ہو جائے گی، جس سے مزید مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
مردوں کی ٹیم سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ فیصلے جلد کیے جائیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ عاقب جاوید کو عبوری طور پر ذمہ داری دی گئی تھی، جو کہ عارضی بندوبست تھا، اور اگلے ہفتے اس حوالے سے مزید فیصلے متوقع ہیں۔
محمد رضوان کے بیان اور ان کی ناراضی پر سوال کرنے پر چیئرمین پی سی بی نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
Comments
0 comment