جنوبی افریقا نے دوسرے سپر اوور میں افغانستان کو شکست دے دی
ویب ڈیسک
|
11 Feb 2026
جنوبی افریقہ نے کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ دوسرے سپر اوور میں ہوا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں 4 رنز سے شکست دے دی۔ میچ اتنا سنسنی خیز رہا کہ فیصلہ کرنے کے لیے دو سپر اوورز کھیلنے پڑے۔
مقررہ 20 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسکور برابر رہا۔
پہلا سپر اوور بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے بھی مطلوبہ رنز بنا لیے اور مقابلہ برابر ہوگیا، جس کے بعد دوسرا سپر اوور کروانا پڑا۔
فیصلہ کن سپر اوور میں افغانستان کو 24 رنز کا ہدف ملا، تاہم وہ یہ اسکور حاصل نہ کر سکی اور جنوبی افریقہ نے چار رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
اس سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدا میں افغان بولرز نے جنوبی افریقہ کو دباؤ میں رکھا اور فضل حق فاروقی نے ایڈن مارکرم کو آؤٹ کر کے اہم کامیابی دلائی۔
تاہم کوئنٹن ڈی کوک اور ریان رِکلٹن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ دونوں کے درمیان 61 گیندوں پر 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ڈی کوک نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے جبکہ رِکلٹن نے صرف 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
ڈیوڈ بریوس نے 23 رنز کا اضافہ کیا جبکہ ڈیوڈ ملر نے ناٹ آؤٹ 20 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 187 تک پہنچایا۔
جواب میں افغانستان نے بھرپور مقابلہ کیا اور آخری گیند تک میچ کو برابر رکھا، تاہم سپر اوورز میں جنوبی افریقہ نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے سنسنی خیز کامیابی حاصل کر لی۔
Comments
0 comment