پاکستان کو فائنل میں نظرانداز کرنے کا معاملہ؛ آئی سی سی کارد عمل سامنے آگیا

Webdesk
|
10 Mar 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے حکام کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل کی انعامی تقریب کے موقع پر اسٹیج پرغیر موجودگی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بیان سامنے آگیا۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان پاکستان کو نظر انداز کرنے پر پی سی بی حکام سخت برہم تھے اور اس معاملے پر آئی سی سی سے وضاحت مانگی گئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید وہاں موجود تھے لیکن آئی سی سی نے ان کو اس تقریب میں مدعو نہیں کیا۔
اس سے قبل ماضی میں آئی سی سی ایونٹس پر میزبان ملک کی اسٹیج پر نمائندگی ہمیشہ سے کی گئی ہے، مگر حیران کن طور پر دبئی میں اس روایت کو توڑ دیا گیا، جس پر پی سی بی حکام کے ساتھ کرکٹ فینز بھی آئی سی سی کے اس رویے پر سخت ناراض ہیں۔
آئی سی سی کا اب اس معاملے پر بیان سامنے آگیا جس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی سی بی کو فائنل کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم وہ فائنل کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
بیان کے مطابق آئی سی سی اپنے تمام ٹورنامنٹ کے لیے یکساں قوانین پر عمل پیرا ہے، آئی سی سی میزبان بورڈ کے سربراہ، نائب صدر یا سی ای او کو مدعو کرتا ہے۔
آئی سی سی کا اپنی وضاحت میں مزید کہنا تھا کہ بورڈ کے دیگر عہدیدار چاہے مقام پر موجود ہوں، وہ اسٹیج کی کارروائی کا حصہ نہیں ہیں۔
Comments
0 comment