پی ایس ایل 11، سیالکوٹ اسٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان کی خدمات حاصل کرلیں
ویب ڈیسک
|
3 Feb 2026
پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالیئنز نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ٹیم میں شامل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی تک متوقع ہے۔
فرنچائز نے اسٹیو اسمتھ کی شمولیت کا اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کیا۔ سیالکوٹ اسٹالیئنز کے مطابق اسٹیو اسمتھ پی ایس ایل کے نئے ٹیم ماڈل کے تحت فرنچائز کی پہلی ڈائریکٹ سائننگ ہیں، جس کے تحت ہر ٹیم کو ڈرافٹ کے علاوہ ایک کھلاڑی سائن کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دائیں ہاتھ کے تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ دنیا کی مختلف معروف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیل چکے ہیں، جن میں بگ بیش لیگ، دی ہنڈرڈ، انڈین پریمیئر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ شامل ہیں۔
ڈومیسٹک اور فرنچائز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسٹیو اسمتھ اب تک 272 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 6 ہزار 242 رنز اسکور کیے۔ ان کے نام 30 نصف سنچریاں اور 5 سنچریاں بھی درج ہیں۔
حالیہ بگ بیش لیگ کے سیزن میں اسٹیو اسمتھ نے سڈنی سکسز کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 میچز میں 299 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 167 سے زائد رہا۔ اس دوران انہوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں اسکور کیں اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ اسٹالیئنز نے 29 جنوری کو سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اور کپتان ٹم پین کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بھی مقرر کیا تھا۔
Comments
0 comment