ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا شیڈول جاری، فائنل کہاں ہوگا؟

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا شیڈول جاری، فائنل کہاں ہوگا؟

کراچی گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہے
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا شیڈول جاری، فائنل کہاں ہوگا؟

ویب ڈیسک

|

12 Jan 2024

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں  دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔

شائقین کا مقبول ترین یہ  ایونٹ چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

 لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم  نو نو میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں شائقین پانچ میچز دیکھ سکیں گے۔

ٹورنامنٹ میں سات ڈبل ہیڈرز ہوں گے ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پانچ ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان  مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا  جبکہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہونگی۔

 

کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی  جبکہ پشاور زلمی چار میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی جب کہ ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

پچھلے ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہوگا جس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے۔

اس کے بعد ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین  ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی  نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے  کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان شہروں میں میچوں کی میزبانی نہ صرف شائقین کے جوش وخروش میں اضافہ کرتی ہے بلکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھی فروغ دیتی ہے۔

چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار  ہیں اور ساتھ ہی  ہم سنسنی خیز  مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے  بھی منتظر ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!