عیسائی ملک بنانے کیلیے امریکا نے ہوائی اڈہ مانگا، انکار پر حکومت ختم ہوئی، حسینہ واجد

عیسائی ملک بنانے کیلیے امریکا نے ہوائی اڈہ مانگا، انکار پر حکومت ختم ہوئی، حسینہ واجد

عالمی سطح پر بنگلادیش اور میانمار کو ملاکر ایک عیسائی ملک بنانے کی سازش ہورہی ہے، سابق وزیر اعظم
عیسائی ملک بنانے کیلیے امریکا نے ہوائی اڈہ مانگا، انکار پر حکومت ختم ہوئی، حسینہ واجد

آفتاب مہمند

|

11 Aug 2024

بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنی حکومت کے خاتمے پر خاموشی توڑتے ہوئے حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا۔

شیخ حسینہ واجد نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ امریکا نے اڈے قائم کرنے کے لیے جزیرے مانگے تھے جس پر انہوں نے انکار کیا تو پھر حکومت کا خاتمہ کروادیا گیا۔

انہوں نے امریکا پر مظاہرین کی حمایت اور مکمل معاونت کا الزام بھی عائد کیا اور اپنے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ شرپسندوں کے بہکاوے میں نہ آئیں، انشاء اللہ ملک جلد پٹڑی پر آئے گا اور شرپسندوں کو شکست ہوگی۔

شیخ حسینہ واجد نے اپنے 15 سالہ اقتدار کے خاتمے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ایئربیس قائم کرنے کیلئے سینٹ مارٹن جزیرہ امریکا کو نہ دینا میرا جرم بنا دیا گیا۔ میں استعفی دینے سے انکار کرتی تو بہت لاشیں گرتیں اور وہ اسی کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتے تھے مگر میں اپنے عوام کا خون بہتا دیکھنا نہیں چاہتی تھی۔

شیخ حسینہ نے دعویٰ کیا کہ عالمی سطح پر بنگلا دیش اور میانمار کے کچھ علاقوں کو ملا کر ایک نیا “عیسائی ملک” بنانے کی سازش بنی جارہی ہے، جس کے لیے امریکا نے بنگلادیش کا سینٹ مارٹن جزیرہ مانگا تاکہ اپنا ایئربیس بنانا چاہتا تھا لیکن میں نے ملک کی خودمختاری کو داؤ پر نہیں لگایا اور جزیرہ دینے سے انکار کردیا تھا۔

انہوں  نے کہا کہ اگر میں کسی خاص ملک کو بنگلا دیش میں ایئربیس بنانے کی اجازت دیتی تو میرے اقتدار کو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا اور اقتدار باقی رہتا۔ انہوں نے جنوری میں ہونے والے الیکشن پر امریکا کی جانب سے دھاندلی کے الزامات اور غیر منصفانہ قرار دینے کو بھی قومی سلامتی کے منافی قرار دیا۔

بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ یہ تقریر شیخ حسینہ واجد کو قوم سے الوداعی خطاب میں کرنا تھی تاہم انہیں اجازت ملی اور نہ ہی ایسے حالات بن سکے تاہم اب اس کے مندرجات میڈیا پر نشر کیے جارہے ہیں۔

 

 

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!