افغان طالبان میں پھوٹ پڑ گئی، اہم شخصیت سے استعفے سے حکومت کو بڑا دھچکا

ویب ڈیسک
|
15 Mar 2025
طالبان حکومت کے اندر شدید اختلافات کی اطلاعات کے درمیان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے اپنا استعفیٰ امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کو پیش کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے سراج الدین حقانی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
استعفے کی وجوہات کے بارے میں سراج الدین حقانی یا طالبان حکومت کی جانب سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم، میڈیا رپورٹس کے مطابق، استعفے کی بنیادی وجہ طالبان قیادت کے درمیان کئی اہم مسائل پر اندرونی اختلافات ہیں۔
ان اختلافات کے حل نہ ہونے کے باعث سراج الدین حقانی کافی عرصے سے وزارتِ داخلہ کی ذمہ داریوں سے غیر حاضر تھے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک اور طالبان کی مرکزی قیادت کے درمیان خواتین کے حقوق جیسے معاملات پر بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ، حقانی نیٹ ورک کے ایک اہم کمانڈر اور وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی دسمبر میں ایک خودکش حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد سے حقانی گروپ اور طالبان قیادت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
سراج الدین حقانی کے استعفے سے طالبان حکومت کے اندرونی اختلافات اور چیلنجز مزید واضح ہو گئے ہیں، جس سے حکومتی یکجہتی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
Comments
0 comment