11 hours ago
غزہ پر حملے کے ابتدائی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، اسرائیلی فوج

Webdesk
|
21 Aug 2025
تل ابیب: اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہر پر اپنے حملے کے ابتدائی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔
عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی پر مذاکرات کے لئے اپنا وفد نہ بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے ثالثی کرنے والے ممالک کی کسی تجویز کا کوئی جواب نہیں دیں گے۔
رپورٹ میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کے پہلے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ثالثوں کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ، یہ فیصلہ فلسطینی فریق کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرنے کا جواب تل ابیب کو موصول ہونے کے 48 گھنٹے بعد کیا گیا۔
سٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر نے پیرس میں قطری حکام کے ساتھ غزہ کی تجویز پر بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ جنگ بندی کے معاہدے کی شرط تمام یرغمالیوں کی رہائی ہے۔
اسی دوران اسرائیلی نشریاتی ادارے نے اعلان کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کے لیے آئندہ کوئی وفد بھیجنے کا ارادہ نہیں ۔ نیتن یاہو پہلے ہی غزہ کے بارے میں مصری اور قطری ثالثوں کی طرف سے پیش کی گئی آخری تجویز کو مسترد کر چکے ہیں۔
اس سے قبل قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے تصدیق کی تھی کہ مصری و قطری تجویز پر فلسطینی فریق نے مثبت جواب دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جواب بڑی حد تک ویسا ہی ہے جس پر اسرائیل نے پہلے رضامندی ظاہر کی تھی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین نے اعلان کیا کہ ان کا ملک غزہ شہر پر اپنے حملے کے ابتدائی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
ڈیفرین نے وضاحت کی کہ ہم غزہ شہر میں اپنی کارروائیاں تیز کریں گے، ہم نے حملے کی ابتدائی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ہم سیاسی قیادت کی ہدایات کے مطابق یرغمالیوں کی واپسی کے لیے حالات پیدا کریں گے۔
Comments
0 comment