مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس کا پاکستانی نژاد خاندان پر انسانیت سوز تشدد
ویب ڈیسک
|
25 Jul 2024
برطانیہ کے علاقے مانچسٹر کے ایئرپورٹ پر پولیس اہلکاروں نے پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ انسانیت سوز رویہ اختیار کیا جبکہ دو نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو پر قطر سے آنے والی فیملی کے دو نوجوانوں کو پولیس نے حراست میں لے کر ایک کو زمین پر اوندھے منہ لٹایا جبکہ دوسرے کو ہاتھ اوپر کر کے قریب میں پڑی کرسی پر بیٹھا دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح پولیس اہلکار نے متاثرہ نوجوان کی طرف گن تانی ہوئی ہے جبکہ اُس کے سر اور کمر پر لاتیں ماررہا ہے۔ تشدد کے دوران پولیس اہلکار کے ساتھ اُس کے دیگر ساتھی اور خاتون افسر بھی موجود تھی۔
پولیس نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے درمیان لڑائی ہوئی جس میں بیچ بچاؤ کے لیے خاتون اہلکار کودیں تو ایک نوجوان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ناک کی ہڈی توڑ دی جبکہ وہاں پر پہنچنے والے دو مزید اہلکاروں کو بھی دو نوجوانوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری کو ایئرپورٹ طلب کیا گیا جہاں دس ڈنڈا بردار اور مسلح اہلکار پہنچے اور پھر موقع سے چار اہلکاروں کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں خدشہ تھا کہ نوجوان اہلکاروں سے پستول چھین کر اُن پر حملہ نہ کردیں۔
مانچسٹر پولیس نے کہا کہ واقعے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پانچ اہلکاروں کو معطل جبکہ دیگر 7 کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔
سابق کراؤن چیف پراسکیوٹر نذیر افضل نے ایکس پر لکھا کہ اس پولیس آفیسر کے اقدامات کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Comments
0 comment