ٹرمپ نے موبائل صارفین پر لٹکتی تلوار ہٹا دی

ویب ڈیسک
|
14 Apr 2025
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باہمی ٹیرفز سے الیکٹرانکس درآمدات کو مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔
امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے نوٹس کے مطابق، اسمارٹ فونز، کمپیوٹر مانیٹرز اور دیگر الیکٹرونک پرزے ٹیرفز سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یہ معافی 5 اپریل سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر لاگو ہوگی۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر کم از کم 145% ٹیرف عائد کیا تھا۔ تاہم، فینٹینائل تجارت میں چین کے کردار پر 20% اضافی ٹیرف برقرار رہے گا۔ اس معافی سے ایپل جیسی ٹیک کمپنیوں کو فائدہ ہوگا، جو اپنی مصنوعات چین میں تیار کرتی ہیں۔
وڈبش سیکیورٹیز کے مطابق، ایپل کے 90% آئی فونز کی پیداوار چین میں ہوتی ہے۔ تجزیہ کاروں نے اس فیصلے کو "ٹیک انویسٹرز کے لیے بہترین خبر" قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ ٹیک کمپنیوں کو امریکہ میں پیداوار بڑھانے پر زور دیں گے۔ انہوں نے ایپل، ٹی ایس ایم سی اور اینویڈیا جیسی کمپنیوں کے امریکہ میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کا حوالہ دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیرف کی وجہ سے اسمارٹ فونز اور گیمنگ کنسولز جیسی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ننٹینڈو نے سوئچ 2 گیمنگ کنسول کی امریکہ میں پیشگی فروخت کی تاریخ ملتوی کر دی ہے، جس کی ممکنہ قیمت $450 کی بجائے $600 ہو سکتی ہے۔
تاہم، سیمی کنڈکٹرز اور مائیکروچپس جیسے پرزے اب بھی ٹیرفز سے مستثنیٰ ہیں، جس سے ٹی ایس ایم سی، سیمسنگ اور ایس کے ہنیکس جیسی ایشیائی چپ بنانے والی کمپنیوں کو فائدہ ہوگا۔
Comments
0 comment