کراچی میں انوکھی واردات، ڈاکو کروڑوں روپے کی 94 بھینسیں اور گائے چھین کر لے گئے
ویب ڈیسک
|
11 Feb 2024
شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی ہے جس میں مسلح افراد کروڑوں روپے مالیت کی 94 بھینسیں اور گائے لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے میں مسلح افراد نے ڈیری فارم پر دھاوا بولا اور اسلحے کے زور پر مالک و ملازمین کو یرغمال بنا کر 94 بھینسوں، گائے کو لے گئے۔
مالک نے بتایا کہ واردات دن دہاڑے نیوی چھاؤنی کے قریب کی گئی جس میں 25 کے قریب جدید اسلحے سے لیس مسلح ملزمان آئے اور تین ٹرکوں میں 94 بھینسوں و گائے باندھ کر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تقریبا 4 گھنٹے تک واردات کی ارو پھر وہ کروڑوں روپے مالیت کے مویشی لے کر فرار ہوئے۔
کیٹل فارم کے مالک نے لانڈھی تھانے میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور دعویٰ کیا کہ وہ واردات میں ملوث چار مرکزی ملزمان کو پہنچانتا ہے، واردات منظور چانڈیو، اختر چانڈیو، ولی جان چانڈیو، ارشد بروہی شامل تھے، ملزمان جانور کے ساتھ ایک ملازم کو بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ مالک کا کہنا ہے کہ اس طرح کی واردات پہلی بار نہیں ہوئی بلکہ متعدد بار ایسی وارداتیں ہوچکی ہیں جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکتا۔
Comments
0 comment