5 hours ago
یونیورسٹی میں لڑکی کا روپ ڈھال کر رقص کرنے والے طالب علم کا برا وقت شروع
ویب ڈیسک
|
18 Dec 2024
گومل یونیورسٹی میں ایک تقریب میں ایک طالب علم نے لڑکی کے انداز سے رقص کیا جس کا وائس چانسلر نے نوٹس لیا اور طالب علم کیخلاف تادیبی کارروائی شروع کردی۔
یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طالب علم کو حرکت کرنے پر نکال دیا، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ وائرل ویڈیو میں لڑکے کا چہرہ نظر نہیں آ رہا۔
گومل یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے یونیورسٹی کے پروگرام کے دوران لڑکی کی نقالی کرنے پر طالب علم کے خلاف تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
وائس چانسلر نے پروگرام منعقد کرنے والے طلباء کے خلاف تادیبی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں، انہوں نے پروگرام کے منتظمین کے ساتھ ہم آہنگی نہ کرنے پر دو اساتذہ کو معطل کر کے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
تقریب کے دوران لڑکی کی نقالی کرنے والے طالب علم کو یونیورسٹی سے نکال دیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس طرح کی ناشائستہ حرکتیں دوبارہ نہ ہوں۔
وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ گومل یونیورسٹی کے وقار اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے حوالے سے کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ڈانس پرفارمنس فطری طور پر غیر اخلاقی نہیں تھی تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کو بعض مذہبی گروپوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments
0 comment