65 سال بعد، کراچی کے عوام کے لئے ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز
Webdesk
|
31 Dec 2025
کراچی : شہر قائد کے عوام کے لئے 65 سال بعد ایک بار پھر ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ دسمبر 2025 میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی سڑکوں پر ہوں گی، اور آج 31 دسمبر کو یہ وعدہ پورا ہو گیا ہے۔
انہوں نے پورے پاکستان کو نئے سال کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ نئے سال میں ٹرانسپورٹ کی زیادہ سے زیادہ سہولیات سندھ بھر کے عوام کو فراہم کی جائیں۔ کراچی سے اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج ڈبل ڈیکر بسوں کی تجرباتی سروس شروع کی گئی ہے اور کل سے عوام باضابطہ طور پر ان بسوں میں سفر کر سکیں گے۔
وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر حکومت کا ہدف ہے کہ 2026 میں کراچی کی زیادہ سے زیادہ سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای وی بسوں کے نئے روٹس آئندہ ہفتے کراچی سمیت سندھ بھر میں شروع کئے جا رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایات کے مطابق ٹرانسپورٹ کو عوام کی بنیادی ضرورت سمجھتے ہوئے ایسے منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں جن سے عام آدمی کو حقیقی فائدہ پہنچے۔
ایئر کنڈیشنڈ بسیں، کم کرایہ والی سروسز اور ہر مسافر کے لئے کرائے میں سبسڈی فراہم کرنے کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو سہولت دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پیپلز بس سروس کے ذریعے روزانہ سوا لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جبکہ اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی سے تقریبا 75 ہزار مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔
ان سروسز کو آپس میں منسلک کرنے سے روزانہ ایک لاکھ تک افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ مختلف روٹس پر روزانہ کی بنیاد پر سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور حکومت کا ہدف ہے کہ سندھ کے ہر ضلع اور ہر بڑی سڑک پر بس سروس متعارف کرائی جائے۔
Comments
0 comment