فنانس بل کے معاملے پر تاجر برداری تقسیم ہوگئی، ایک دھڑے کی آج ہڑتال

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
فنانس بل کی متنازع شقوں کے معاملے پر تاجر برادری دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، ایک کی کال پر آج شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جبکہ ایف پی سی سی آئی سمیت دیگر تنظیموں نے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاہور چیمبر آف کامرس نے فنانس بل کی متنازع شقوں اور ایف بی آر کو حد سے زیادہ اختیارات دینے کے معاملے پر آج ہڑتال اور کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ کراچی میں آج کاروباری مراکز بند رہیں گے اور اگر حکومت نے ہڑتال کے بعد بھی کچھ نہ کیا تو پھر ہمارا دوسرا راستہ احتجاج ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے زبانی کلامی یقین دہانی کرائی جبکہ ہم نے تحریری گارنٹی مانگی ہے، اگر اگلے اجلاس میں کچھ نہ ہوا تو پھر دوبارہ ہڑتال کریں گے اور ہفتے میں ایک یا دو دن ہڑتال کرسکتے ہیں جبکہ اگر ہٹ دھرمی دکھائی گئی تو پھر پورا ہفتہ بھی کاروبار بند رکھیں گے۔ کراچی چیمبر کے صدر نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں پرامن ہڑتال ہوگی۔
صدر لاہور چیمبر میاں ابو ذر شاد نے بھی آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آج تاجروں کے احتجاج میں شرکت کریں گے، تاجروں کی مختلف تنطیمیں کل ہڑتال کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اب وعدے نہیں عملدرآمد چاہیے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے کہا تھا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی۔ دریں اثنا، سیالکوٹ، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانولہ چیمبر نے 19 جولائی (کل) کی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسی طرح راولپنڈی اور گوجرانولہ چیمبرز آف کامرس نے بھی ہڑتال نہ کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ تاجر برادری حکومت نے فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 37 اے کے خلاف ہڑتال کررہی ہے۔
Comments
0 comment