فوجی فرٹیلائزر بھی کنسورشیم میں شامل، پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز بھی خریدیں گے، عارف حبیب
ویب ڈیسک
|
25 Dec 2025
عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ ان کا کنسورشیم قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گروپ کی خواہش ابتدا ہی سے پی آئی اے کی سو فیصد ملکیت حاصل کرنے کی تھی اور اب اسی سمت میں پیش رفت کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے بتایا کہ کنسورشیم کو بقیہ حصص کی خریداری کے لیے 90 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو 75 فیصد حصص کی فروخت سے 10 ارب روپے حاصل ہوں گے، جبکہ باقی 25 فیصد حصص کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کنسورشیم کا حصہ بن چکی ہے۔ عارف حبیب کے مطابق پی آئی اے کے بیڑے میں اضافے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں طیاروں کی تعداد 38 سے بڑھا کر مزید کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں یہ تعداد 64 تک لے جانے کا ہدف ہے۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کے ذمے تقریباً 190 ارب روپے کی واجبات ہیں، جبکہ اس کے اثاثوں کی مالیت 180 ارب روپے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے اور ایک مضبوط پی آئی اے پاکستان کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے بعد کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ عارف حبیب نے شفاف اور کامیاب بولی کے انعقاد پر حکومت، نجکاری کمیشن اور وفاقی کابینہ کو بھی سراہا۔
Comments
0 comment