پاک بھارت کشیدگی، اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی

ویب ڈیسک
|
8 May 2025
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تاریخی گراوٹ، 8 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) میں سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوگیا ہے۔ جمعرات کو KSE-100 انڈیکس میں 8,000 پوائنٹس سے زائد کی تاریخی گراوٹ کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بھارت نے جمعرات کو پاکستان کے مختلف مقامات پر 31 اسرائیلی ساختہ ہیروپ" ڈرونز سے حملہ کیا، جنہیں پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔
اس صورتحال کے پیش نظر بدھ کو KSE-100 انڈیکس 3.13% (3,559 پوائنٹس) گر کر110,009.02پر بند ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر کشیدگی میں کمی کی امید پر مارکیٹ میں معمولی بہتری دیکھی گئی، لیکن بھارت کی ممکنہ جارحیت اور فوجی ردعمل کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو مزید محتاط کر دیا۔
جمعرات کو مارکیٹ میں شدید فروخت کے نتیجے میں KSE-100 انڈیکس 8,366.21 پوائنٹس گر کر101,642.81 پر آگیا، جو تقریباً 8% کی کمی کے برابر ہے۔
مارکیٹ میں تیزی سے گراوٹ کے بعد ٹریڈنگ کو عارضی طور پر روک دیا گیا، لیکن دوبارہ کھولنے پر بھی مندی کا رجحان جاری رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدہ صورتحال برقرار رہی تو مارکیٹ میں مزید گراوٹ کا خطرہ ہے۔ تاہم، سفارتی سطح پر بات چیت اور امریکہ جیسی طاقتوں کی ثالثی سے صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔
Comments
0 comment