پی آئی اے کی نجکاری کیلیے 4 کمپنیاں شارٹ لسٹ

پی آئی اے کی نجکاری کیلیے 4 کمپنیاں شارٹ لسٹ

نجکاری کمیشن بورڈ نے چاروں کمپنیوں کو نوٹس بھیج دیا
پی آئی اے کی نجکاری کیلیے 4 کمپنیاں شارٹ لسٹ

ویب ڈیسک

|

14 Jul 2025

قومی ایئرلائن کی دوبارہ نجکاری کیلیے حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں اور کمیشن بورڈ نے خریداری میں دلچسپی رکھنے والی چار پارٹیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس چیئرمین فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا، جس میں پی آئی اے کی نجکاری، بجلی کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے پانچ پارٹیوں نے دلچسپی ظاہر کی اور درخواستیں جمع کرائیں۔ اسکروٹنی کمیٹی نے چار پارٹیوں کو نیلامی میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منظور شدہ پارٹیوں کو پی آئی اے کے دفاتر میں اکاؤنٹس اور آپریشنز کا جائزہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ ڈیو ڈیلیجنس مکمل ہونے کے بعد بولی کی تاریخ طے کی جائے گی۔

حکومت کا ارادہ ہے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری رواں سال کی آخری سہ ماہی تک مکمل کر لی جائے۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ خطے کی دیگر ایئرلائنز کو بھی نیلامی میں مدعو کیا گیا تھا، اور پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ ایئرلائن کو سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

فاروق ستار نے سوال کیا کہ کیا وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی تھی؟ سیکرٹری نے وضاحت کی کہ پنجاب حکومت اپنی ایئرلائن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس نے پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی نہیں دکھائی۔

سی ای او پی آئی اے نے بتایا کہ ایئرلائن نے فرانس کے لیے پروازیں شروع کر دی ہیں اور مانچسٹر کی پروازیں جلد بحال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی کارکردگی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ نجکاری کے دوران ملازمین کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، اور نئے خریدار کو پی آئی اے کے 19 جہازوں کے فلیٹ کو 45 تک بڑھانا ہوگا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!