سوئی سدرن نے 14 اگست کو گیس بندش سے متعلق اہم اعلان کردیا

Webdesk
|
13 Aug 2025
کراچی: سوئی سدرن نے 14 اگست کو گیس بندش کا اعلان واپس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے اعلان کیا ہے کہ چودہ اگست کو گیس بند نہیں کی جائے گی، اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی میں گیس کی بندش نہیں ہوگی۔
ایس ایس جی سی کے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ یوم آزادی کی تعطیل پر صارفین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ کراچی واٹر بورڈ کی لائنوں کی بحالی کا پروگرام بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یومِ آزادی کی عام تعطیل کے تناظر میں صارفین کو درپیش آنے والی ممکنہ زحمت کے پیشِ نظر سوئی سدرن کی اعلی انتظامیہ نے اپنی پائپ لائن کی منتقلی کے پروگرام کو کسی اور وقت کے لئے موخر کرنے کا فوری فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گیس معطلی سے متعلق منگل کو جاری بیان منسوخ تصور کیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سوئی سدرن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ واٹر بورڈ کی درخواست پر ہارون آباد سائٹ ایریا میں گیس پائپ لائن منتقل ہوگی، جس کی وجہ سے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک گیس بند رہے گی۔
ترجمان نے بتایا تھاکہ شیرشاہ، سائٹ، جہان آباد، میانوالی کالونی، لاشاری محلہ، میٹروویل، باوانی چالی، پٹھان کالونی، پرانا گولیمار، ریکسر کالونی، حسن اولیا، مسلم آباد کے علاقوں میں گیس بند رہے گی۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا، ہارون آباد، گلبائی، ماڑی پور، ٹکری ولیج، مسلم کالونی میں بھی گیس بند رہنی تھی۔
Comments
0 comment