ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک
|
14 May 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس دینے کی استطاعت رکھنے والے تمام افراد اور شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، جبکہ ٹیکس چوری کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف بی آر کے زیر اہتمام ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع اور ٹیکس آمدنی میں اضافے کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ٹیکس نظام کی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سیمنٹ کی صنعت میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ سے اربوں روپے کے اضافی ٹیکس وصولی ممکن ہوئی جبکہ چینی کی صنعت میں اس نظام کے نفاذ سے نومبر 2024 سے اپریل 2025 تک ٹیکس آمدنی میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،
وزیراعظم کی ہدایت پر جی ڈی پی کا 10.6 فیصد ٹیکس سے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ سیمنٹ اور دیگر اہم شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کو جون 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ "ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نظام کو شفاف اور موثر بنائیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ٹیکس کی شرح میں کمی لاکر عام شہری کے بوجھ کو کم کرنا ہماری ترجیح ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے۔"
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ زیر التوا ٹیکس معاملات کی فوری سماعت کی جائے اور قومی خزانے کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، جسے مزید بہتر بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ، ایف بی آر کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ماہرین معاشیات کے مطابق یہ اصلاحات ملک میں ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے اور معاشی استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گی۔
Comments
0 comment