زرمبادلہ کے ذخائر چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
ویب ڈیسک
|
22 Dec 2025
پاکستانی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مارچ 2022 کے بعد اپنی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 21.1 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، جو گزشتہ تقریباً تین برسوں میں سب سے زیادہ سطح ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود ذخائر 15.9 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں، جس کے باعث ملک کی درآمدی صلاحیت بڑھ کر 2.6 ماہ سے زائد ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2023 میں یہی صلاحیت کم ہو کر محض دو ہفتوں سے بھی کم رہ گئی تھی، جو اس وقت کی سنگین معاشی صورتحال کی نشاندہی کرتی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں جب مرکزی بینک کے ذخائر صرف 2.9 ارب ڈالر کی سطح تک گر گئے تھے، اب وہ بڑھ کر تقریباً 15.9 ارب ڈالر ہو چکے ہیں، یوں دو برس میں ذخائر میں تقریباً ساڑھے پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیرونی قرضہ بمقابلہ جی ڈی پی تناسب بھی کم ہو کر 31 فیصد سے 26 فیصد تک آ گیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت بیرونی قرضوں پر انحصار بتدریج کم کر رہی ہے۔
Comments
0 comment