بھارت کے ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہیں، محمد عامر
Webdesk
|
20 Feb 2026
اسلام آباد : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر محمد عامر نے کہا ہے کہ بھارت کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہیں۔
ایک انٹرویومیں انہوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دے دیا۔محمد عامر نے کہاکہ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سْپر 8 مرحلے میں کامیاب ہونے کے بعد سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنالیں گی۔
فاسٹ بالر نے کہاکہ اگر آپ پاکستان کے خلاف میچ کے علاوہ بھارت کے دیگر مقابلے دیکھ لیں تو ان کی بیٹنگ لائن بکھر جاتی ہے، بیٹنگ کی اس کمزوری کے باعث بھارتی ٹیم پر سْپر 8 مرحلے میں دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس انداز میں جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کھیل رہے ہیں، وہ اپنے راستے میں آنے والی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی بالنگ لائن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گڈاکیش موتی، عقیل حسین، جیسن ہولڈر اور شمر جوزف مضبوط اٹیک کے ساتھ کسی بھی بیٹنگ لائن کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیرفین ردرفورڈ اور روومین پائول جیسے ہارڈ ہٹرز بھی کسی بھی ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
محمد عامر نے جنوبی افریقا کے حوالے سے کہا کہ میں کیوں کہہ رہا ہوں کہ جنوبی افریقا سیمی فائنل میں جائے گا؟ کیونکہ ان کی فاسٹ بالنگ مکمل ہے، اسپن اٹیک مکمل ہے اور بیٹنگ فارم میں ہے۔
Comments
0 comment