فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی آسمانی بجلی گرنے سے جان سے گیا
Webdesk
|
6 Aug 2026
تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی پر آسمانی بجلی گر گئی، جس سے کھلاڑی موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسمانی بجلی اچانک تھائی فٹبالر پر گری، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی، بجلی گرنے کے واقعے میں ملائیشین کھلاڑی سمیت 12 افراد بھی زخمی ہوئے۔
یہ واقعہ 4 اگست کی شام تھائی لینڈ کے صوبہ ناراتھیوات کے علاقے سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں علاقائی گولوک ایف اے کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ کے دوران پیش آیا۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریبا ساڑھے 5 بجے اس وقت پیش آیا جب شدید بارش کے دوران ابو ایکس نونگ سیرن اور سام کولٹ (SAMCOLT) کے درمیان ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق سام کولٹ ایک مشترکہ ٹیم ہے جس میں تھائی اور ملائیشین کھلاڑی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے کھلاڑی کی شناخت 24 سالہ سوفوان اوائے کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 12 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا. جہاں بعض زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹوں کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ چند افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
Comments
0 comment