5 hours ago
کپل شرما سمیت بھارتی شوبز شخصیات کو قتل کی دھمکیاں، پاکستان پر الزام عائد
ویب ڈیسک
|
23 Jan 2025
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے اور سلمان خان کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد اب بھارتی کامیڈین کپل شرما سمیت نامور شخصیات کو قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکیاں پاکستان سے دی گئیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستانی کامیڈین کپل شرما کو پاکستان سے آنے والی ایک ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی تھی، جس میں راجپال یادیو، سوگندھا مشرا اور ریمو ڈی سوزا جیسی دیگر مشہور شخصیات کو بھی مارنے کا تذکرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق راجپال یادیو، سوگندھا مشرا اور معروف ڈانسر و کوریئو گرافر ریمو ڈی سوزا کو بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔
ممبئی پولیس نے بی این ایس کی دفعہ 351(3) کے تحت ایک نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہے۔
دھمکی آمیز ای میل میں پیغام کی سنجیدگی اور رازداری پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ "ہم آپ کی حالیہ سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایک حساس معاملہ کو آپ کی توجہ دلانا ضروری ہے، یہ کوئی پبلسٹی اسٹنٹ یا آپ کو ہراساں کرنے کی کوشش نہیں ہے۔ ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ اس پیغام کو انتہائی سنجیدگی اور رازداری کے ساتھ پیش کریں۔"
ان ای میلز میں بشنو کا نام درج ہے، واضح رہے کہ یہ وہی گینگ ہے جس نے سلمان خان کو متعدد بار دھمکیاں دیں اور قتل کی کوشش بھی کی ہے۔
پولیس کے مطابق، مشہور شخصیات کو ذاتی اور پیشہ ورانہ نتائج سے بچنے کے لیے آٹھ گھنٹے کے اندر جواب دینے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔
ای میل ملنے کے بعد کپل شرما نے امبولی پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس سے پہلے سوگندھا مشرا اور ریمو ڈی سوزا نے بھی ایسی ہی دھمکی آمیز بات چیت موصول ہونے کی اطلاع دی تھی، جب کہ راجپال یادو نے ای میل کو اپنے اسپام فولڈر میں پایا اور ابتدائی طور پر موصول ہونے کے تین دن بعد اس کی اطلاع دی۔
دھمکیوں کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ممبئی میں مشہور شخصیات کی حفاظت کے لیے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں، سیاست دان بابا صدیق کو باندرہ میں ان کے گھر کے قریب گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، اس حملے کی ذمہ داری جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ نے قبول کی تھی۔ اس کے جواب میں سلمان خان نے اپنی رہائش گاہ پر بلٹ پروف کھڑکیاں لگانے سمیت اپنے حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا۔
Comments
0 comment