8 hours ago
شادی سے پہلے امیر گیلانی کو نخرے، ادائیں دکھائیں مگر۔۔۔ اداکارہ نے ساری کہانی بتا دی

Webdesk
|
12 Mar 2025
اداکارہ ماورا حسین نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی محبت کی کہانی شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کافی عرصے تک امیر گیلانی کو ناز و ادا دکھا کر محبت کے اشارے دیتی رہیں، لیکن اس کے باوجود امیر گیلانی نے ان کی طرف سے کبھی واضح طور پر اظہار محبت نہیں کیا۔
ماورا کے مطابق، امیر گیلانی ایک شرمیلے اور کم گو شخص ہیں، جو زیادہ بات چیت نہیں کرتے۔ اگر وہ کسی سے چند منٹ تک بات کر لیں تو یہ ان کے لیے بہت زیادہ ہوتا ہے۔
ماورا نے بتایا کہ ابتدا میں ان کے تعلقات انتہائی دوستانہ تھے، لیکن بعد میں وہ امیر گیلانی کو پسند کرنے لگیں۔ جب انہیں احساس ہوا کہ وہ امیر سے محبت کرتی ہیں، تو انہوں نے ان کے سامنے نخرے اور ادائیں دکھانا شروع کر دیں، تاکہ امیر کو ان کے جذبات کا اندازہ ہو سکے۔ تاہم، ماورا کے مطابق، ان کی طرف سے یہ سب کچھ کرنے کے باوجود، امیر نے کبھی ان سے براہ راست اظہار محبت نہیں کیا۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ خود بھی امیر سے ڈر کے مارے اظہار محبت نہیں کر پا رہی تھیں، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اگر وہ ایسا کریں گی تو شاید وہ ایک اچھے دوست سے بھی محروم ہو جائیں گی۔ بعد ازاں، امیر گیلانی کی والدہ نے ماورا کو بتایا کہ ان کا بیٹا ماورا سے محبت کرتا ہے۔ ماورا کے مطابق، ان کی ساس نے انہیں بتایا کہ امیر نے کبھی کسی لڑکی سے ایسی دوستی نہیں کی تھی، اور نہ ہی کسی کا ایسا خیال رکھا تھا۔
ماورا نے مزید بتایا کہ ان کی ساس نے ہی انہیں یقین دلایا کہ امیر ان سے محبت کرتے ہیں، اور پھر دونوں کی شادی ہو گئی۔ ماورا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کی طرف سے اظہار محبت دراصل ان کی والدہ نے کیا تھا۔
یاد رہے کہ امیر گیلانی اور ماورا حسین نے کئی سال کے تعلقات کے بعد فروری 2025 میں شادی کی تھی۔ ان کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، اور انہیں بہت زیادہ پزیرائی ملی تھی۔
Comments
0 comment