کھانسی کا شربت پینے سے متعدد بچے پلک جھپکتے جاں بحق

کھانسی کا شربت پینے سے متعدد بچے پلک جھپکتے جاں بحق

حکومت کا صورتحال کا فوری نوٹس، اہم اجلاس طلب کرلیا
کھانسی کا شربت پینے سے متعدد بچے پلک جھپکتے جاں بحق

Webdesk

|

6 Oct 2025

نئی دہلی: بھارت میں کھانسی کا شربت پینے سے 14 بچوں کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ برپا ہوگیا، حکومت نے دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام کھانسی کی شربتوں کے معیار کی فوری جانچ کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش اور راجستھان میں متعدد بچوں نے ’کولڈریف‘ نامی کھانسی اور نزلے کی شربت پینے کے بعد طبیعت بگڑنے پر دم توڑ دیا۔ 

ابتدائی رپورٹوں میں انکشاف ہوا ہے کہ شربت میں ڈی ایتھلین گلیکول (DEG) نامی زہریلا کیمیکل خطرناک حد تک موجود تھا، جو گردوں اور جگر کے افعال کو متاثر کرتا ہے۔

وفاقی وزارتِ صحت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کی تمام دوا ساز فیکٹریوں کے معیارِ پیداوار کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا، اور جن اداروں میں حفاظتی اقدامات ناکافی پائے گئے، ان کے لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب طبی ماہرین نے اس سانحے کو دوا سازی کے نظام میں سنگین خامی قرار دیا ہے۔ معروف ماہرِ صحت ڈاکٹر وائے کے گپتا نے کہا کہ “یہ سانحہ دوا سازی کے شعبے میں نگرانی کے کمزور نظام کو بے نقاب کرتا ہے۔ حکومت کو سخت ترین اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ مستقبل میں ایسی اموات نہ ہوں۔”

وزارتِ صحت نے ریاستی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے ’کولڈریف‘ شربت کی تمام بوتلیں ضبط کریں، بچوں کے علاج کے لیے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دیں، اور اپنی تحقیقات کی رپورٹ مرکز کو فوری بھجوائیں۔

اموات سامنے آنے کے بعد فوری طور پر میڈیکل اسٹورز پر اس کو ہٹا دیا گیا جبکہ 3 ریاستوں نے فروخت پر مکمل پابندی لگادی ہے۔

مرکزی حکومت نے اس معاملے پر اعلی سطح پر اجلاس طلب کیا ہے جس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!