نیند پوری نہ ہونا بھی درد شقیقہ کی بڑی وجہ ہے، ماہرین
Webdesk
|
15 Apr 2024
ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند کی کمی بھی درد شقیقہ کی وجوہات میں سے ایک ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست ایریزونا کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے محققین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ نیند کے معیار کو بہتر بنانے سے درد شقیقہ کے شکار افراد میں اس درد کے حملوں کو معدوم کیا جاسکتا ہے۔
درد شقیقہ میں مبتلا بہت سے لوگوں کو نیند کی خرابی کی شکایات ہوتی ہیں جن میں بے خوابی، سونے میں دشواری، نیند کا خراب معیار، دن میں ضرورت سے زیادہ نیند آنا، نیند سے جلد بیدار ہوجانا اور درد شقیقہ کی وجہ سے سونے پر مجبور ہوجانا شامل ہیں۔
ریسرچ ڈائریکٹر اور فارماکولوجی کے پروفیسر کی جانب سے کی گئی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں تھا کہ درد شقیقہ کی وجہ سے نیند خراب ہوتی ہے یا اس کا الٹ ہے۔ لیکن یہ بات کافی عرصے سے تسلیم کی جاتی رہی ہے کہ نیند اور درد شقیقہ کے درمیان تعلق ہوتا ہے۔
پروفیسر نے کہا کہ ماضی میں جس طرح سے اس حوالے سے تحقیق کی گئی وہ مریض کی اپنی اطلاعات پر مبنی تھی جو کہ موضوعی (subjective) حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے نیند کو مقداری طریقے سے (quantitatively) ناپا ہے اور پایا ہے کہ صرف درد شقیقہ ہی نیند کو متاثر نہیں کرتا بلکہ اگر آپ کی نیند میں خلل پڑتا ہے تو یہ بھی درد شقیقہ کے مریض میں سردرد کی کیفیت میں اضافہ کرسکتا ہے۔
Comments
0 comment