پاکستان میں نپاہ وائرس سے نمٹنے کیلیے اقدامات شروع
ویب ڈیسک
|
29 Jan 2026
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے نِپاہ وائرس کی تشخیص کے لیے 100 ٹیسٹنگ کٹس حاصل کرلی ہیں۔ نِپاہ وائرس سے متعلق ایک اجلاس وزارتِ صحت میں ہوا، جس کی صدارت سیکریٹری صحت حامد یعقوب نے کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نِپاہ وائرس کے مشتبہ مریضوں کے نمونے تصدیق کے لیے این آئی ایچ بھجوائے جائیں گے۔ حکام نے بتایا کہ سندھ کے محکمہ صحت نے بھی نِپاہ وائرس کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں زمینی اور فضائی داخلی راستوں پر آنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی سفری تفصیلات چیک کی جا رہی ہیں اور زیادہ خطرے والے افراد پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسکریننگ کے دوران بخار، سانس لینے میں دشواری اور اعصابی علامات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ کسی بھی مشتبہ فرد کو فوری طور پر علیحدہ کر کے آئسولیشن یونٹ منتقل کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ تمام صوبوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نِپاہ وائرس کے ممکنہ مریضوں کے لیے مخصوص اسپتال نامزد کریں اور تربیت یافتہ طبی عملہ ہر وقت دستیاب رکھا جائے۔
قومی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں نِپاہ وائرس کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا۔
Comments
0 comment