پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ، رینجرز نے پمپس، دکانیں بند کروادیں

پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ، رینجرز نے پمپس، دکانیں بند کروادیں

پولیس نے مظاہرین کو ڈی چوک سے پیچھے دھکیل دیا، پی ٹی آئی کارکنان کا بشری بی بی اور گنڈا پور کے بغیر نہ جانے کا اعلان
پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ، رینجرز نے پمپس، دکانیں بند کروادیں

ویب ڈیسک

|

26 Nov 2024

بلیو ایریا اور اطراف میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کے پیش نظر پولیس نے اطراف میں ہوٹل، بازار، دکانیں اور پیٹرول پمپس بند کروادیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے قافلے ڈی چوک کے قریب بلیو ایریا پہنچ گئے ہیں جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ مظاہرین کی پیش قدمی کو روکنے کیلیے اسلام آباد پولیس شدید شیلنگ کررہی ہے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شام تک اسلام آباد کو شرپسندوں سے خالی کرالیا جائے گا اور اس کے لیے ہم اقدامات شروع کررہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف پولیس کے ممکنہ کریک ڈاؤن کے پیش نظر  بلیو ایریا اور اس کے اطراف رہائشی سیکٹرز میں رینجرز نے پیٹرول پمپس بند کروانا شروع کر دیے ہیں۔  میلوڈی پیٹرول پمپ، بلیو ایریا ،کھڈا مارکیٹ،ایف سکس میں موجود پیٹرول پمپس رینجرز اہلکاروں نے بند کرا دیے۔

اُدھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور اور عمران خان کی اہلیہ کا کنٹینر ابھی ڈی چوک تک نہیں پہنچا تاہم پی ٹی آئی کے مظاہرین ڈی چوک پہنچ گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے سڑک بند کرنے کیلیے لگائے گئے کنٹینر کو سیونتھ ایونیو کی جانب دھکیل دیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے کارکنان نے علی امین اور بشریٰ بی بی کے بغیر مزید پیش قدمی سے انکار بھی کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے بلیو ایریا میں رکھے کنٹینر کو ہٹا کر سڑک کھولنے کی کوشش کی تو پولیس نے شیلنگ کر کے مظاہرین کو متشر کیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں بھی چلائی گئیں جس سے درجن بھر مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں ہیں۔

اُدھر پولیس نے ڈی چوک سے مظاہرین کو پیچھے کی جانب دھکیل کر علاقے کو خالی کرالیا جبکہ راستے بند کرنے کیلیے کنٹرینر لگادیے ہیں۔ اُدھر جناح ایونیو پر بھی پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!