کچے کے ڈاکوئوں کو قومی دھارے میں لایا جائے، صدر مملکت
Webdesk
|
24 Jun 2024
سکھر: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوئوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے جبکہ دیگر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایم این اے سید خورشید شاہ، وزیراعلی سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی ، وفاقی و صوبائی وزرا، رینجرز اور ملٹری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں صدر مملکت کو سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ یکم مئی کے اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکھر میں صدر مملکت کی زیرِ صدارت سندھ میں سیکیورٹی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ نے کچے اور صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھنائونے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو بتدریج قومی دھارے میں لایا جائے ۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کر کے ملک کا ذمہ دار اور کارآمد شہری بنانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے جو امن کے فروغ، سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے۔
انہوں نے کچے کے علاقے میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے ۔
آصف زرداری نے کہا کہ قومی جرگہ جرائم کی روک تھام ، علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کرے گا۔
Comments
0 comment