88 ہزار سے زائد پاکستانی سرکاری عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

Webdesk
|
1 Jun 2025
کراچی: پاکستان سے عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچانے کا فضائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 260 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں جبکہ نجی اسکیم کے ذریعے 22 ہزار 75 افراد سعودی عرب روانہ کیے جا چکے ہیں۔
حج فلائٹ آپریشن کا آغاز29 اپریل کو ہوا تھا جو33 دن تک جاری رہا، اس دوران مجموعی طور پر 342پروازیں چلائی گئیں، ابتدائی15 روز میں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا، جبکہ بعد ازاں براہ راست مکہ مکرمہ روانگی کا سلسلہ جاری رہا۔
آپریشن کے آخری روز چار پروازوں کے ذریعے1,305 عازمین کو سعودی عرب روانہ کیا گیا، نجی حج اسکیم کے تحت رواں برس25 ہزار 698 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔
حج انتظامات کے حوالے سے سعودی عرب میں بھرپور تیاری کی جا چکی ہے، منی اور عرفات میں خیموں کی تنصیب سمیت دیگر انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
پاکستانی عازمین کی خدمت و رہنمائی کے لیے470 حج ناظمین تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک ناظم 188عازمین کی دیکھ بھال اور معاونت پر مامور ہے۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے کے علاوہ نجی اور سعودی فضائی کمپنیوں نے بھی اس حج آپریشن میں بھرپور کردار ادا کیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج انتظامات کو مزید مثر اور شفاف بنانے کے لیے اس سال جدید ٹیکنالوجی اور بہتر کوآرڈینیشن کا استعمال کیا گیا ہے، تاکہ عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments
0 comment