عمران خان کا امیدواروں کے ٹکٹ تبدیل کرنے کا اعلان

عمران خان کا امیدواروں کے ٹکٹ تبدیل کرنے کا اعلان

ڈر ہے کہ نواز شریف 8 فروری کے الیکشن سے بھاگ جائے گا، عمران خان کی اڈیالہ جیل میں گفتگو
عمران خان کا امیدواروں کے ٹکٹ تبدیل کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک

|

23 Jan 2024

بانی پی ٹی آئی نے اتوار سے انتخابی مہم کا آغاز نہ کرنے والے امیدواروں کے ٹکٹ تبدیل کرنے کا اعلان کردیا، شبہ ہے کہ نواز شریف الیکشن سے راہ فرار اختیار کرے گا، 8 فروری کو ہر صورت انتخابات ہونے چاہیے۔

سائفر کیس سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے بانی کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو نے جو بات کی اس پرپاکستانی سفیراسد مجید نے آفیشل میٹنگ میں ڈی مارش کرنے کی سفارش کی،سفیر کی سفارش پر ڈی مارش کیا گیا اور کہا جا رہا ہے کہ سازش نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا سائفر نہیں آیا، سائفر کو دبانے کے لیے پوری کوشش کی گئی کیونکہ اس سے ڈونلڈ لو ایکسپوز ہو گیا، سائفر ٹرائل کو سیکرٹ رکھنا چاہتے ہیں تین ہفتے میں حکومت گرا دی گئی اس سے بڑی سازش کیا ہے، سائفر میں اگر انہونی چیز نہیں تھی تو ڈی مارش کیوں کیا گیا، کیا کوئی امریکا کو ڈی مارش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس روز ڈی مارش کیا گیا سائفر اسی روز پبلک ہو گیا تھا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میٹنگ میں سائفر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کیوں کہا گیا، سائفر معاملے پر پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی گئی وہ کس کی دھمکی پر ختم ہوئی، ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا تھا کہ سائفر معاملے کی انکوائری کی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ساڑھے تین سالہ دور میں کسی ملک کو ڈی مارش نہیں کیا گیا، سائفر کے بعد ہمارے ممبران ٹوٹنا شروع ہوئے، راجہ ریاض سمیت بہت سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے جس پر آئی بی کی رپورٹ بھی موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کا پروگرام بھی موجود ہے کہ کون کون سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے، اکتوبر 2021 میں باجوہ نے حسین حقانی کو ہائر کیا ہمیں اس کا علم تک نہ تھا، حسین حقانی کو 35 ہزار ڈالر دیے گئے، حسین حقانی سے ٹویٹ کروایا گیا کہ عمران امریکا مخالف جبکہ باجوہ امریکہ کے حق میں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ فوج ارمی چیف کی ہدایت کے بغیر کچھ نہیں کرتی، ندیم انجم کے خلاف میں نے کبھی کوئی بیان نہیں دیا ہمیں پتہ ہے کہ فوج کیسے کام کرتی ہے،ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی، میرا اور نواز شریف کا معاملہ الگ ہے، نواز شریف اور مریم نااہل ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف کو باجوہ کی مکمل حمایت حاصل تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف، مریم کے جلسوں میں کوئی نہیں آرہا، ڈر ہے کہ یہ الیکشن سے بھاگ نہ جائیں، اکتوبر میں بھی یہ الیکشن سے بھاگے تھے، آٹھ فروری کو ہر صورت الیکشن ہونے چاہیے، جاوید ہاشمی جیل میں رہ چکا ہے وہ سمجھتا ہے کہ میرے خلاف سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کروا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار 50 سال پرانا دوست ہے، چوہدری نثار کو اپریل 2018 میں پی ٹی ائی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، اگر وہ ہمارے ساتھ الحاق کی بات کرے گا تو ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا  یہ ازادی کی تحریک ہے یہ ہمیں غلام بنانا چاہتے،ازادی کی تحریک میں جیل رہنے کو عبادت سمجھتا ہوں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!