عمران خان کی 8 ماہ بعد بہن سے جیل میں ملاقات، ’یہ بونس ہے‘

عمران خان کی 8 ماہ بعد بہن سے جیل میں ملاقات، ’یہ بونس ہے‘

نورین خان کی کانفرنس روم میں 30 منٹ تک ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا
عمران خان کی 8 ماہ بعد بہن سے جیل میں ملاقات، ’یہ بونس ہے‘

ویب ڈیسک

|

18 Aug 2026

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ان کی بہن نورین نیازی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد نورین نیازی نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں صرف ملاقات ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات ہوگئی ہے اور یہ ہمارے لیے بونس ہے جس پر بہت زیادہ خوشی ہے۔

ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جو تقریباً 30 منٹ جاری رہی۔ ملاقات کے دوران عمران خان کی صحت اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی، جبکہ نورین نیازی نے انہیں سپریم کورٹ کے حالیہ حکم سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی ڈاہگل ناکے پہنچیں، جہاں صحافیوں نے ان سے سوالات کیے، تاہم انہوں نے تفصیلی گفتگو سے گریز کیا۔ انہوں نے مختصر کہا کہ ملاقات ہوگئی اور اس کی بہت خوشی ہے، یوں سمجھیں کہ یہ ہمارے لیے بونس ہے اور میں اس سے زیادہ بات نہیں کرسکتی۔

معاملات طے پانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نورین نیازی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بونس ہے جب مٹھائی سے معلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں تو خود اے ٹی سی پیش ہوکر آئی ہوں۔

دوسری جانب عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرائی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات بھی کانفرنس روم میں تقریباً 30 منٹ جاری رہی، جس کے بعد عمران خان کو واپس جیل کے کمپاؤنڈ منتقل کردیا گیا۔

ملاقاتوں سے قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب عمران خان کو اسپتال منتقل کیا جائے گا، جس کا مطالبہ خاندان گزشتہ آٹھ ماہ سے کر رہا تھا۔

علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!