عمران خان اسپتال منتقلی، سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری، شرائط بھی درج
ویب ڈیسک
|
18 Aug 2026
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آئندہ دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا جس میں کچھ شرائط بھی درج کی گئی ہیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل طبی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ بورڈ میں معالج، جنرل سرجن، اندرونی امراض کے ماہر، آنکھوں کے ماہر اور ماہر قلب شامل ہوں گے۔
عدالت نے ڈاکٹر فیصل سلطان اور عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی طبی معائنے اور علاج کے عمل میں شریک رہنے کی اجازت دی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات کے تمام اخراجات وہ یا ان کے اہلخانہ خود برداشت کریں گے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی اہلخانہ سے ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات کرانے اور ان کے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے گرفتاری کے وقت سے اب تک عمران خان کا مکمل طبی ریکارڈ اور تمام ٹیسٹ رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا، جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران اہلخانہ اور وکلا سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔
تحریری فیصلے میں عمران خان کے خلاف درج مقدمات، گرفتاریوں، زیر سماعت مقدمات اور سزاؤں کی مکمل تفصیلات عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
توہینِ عدالت سے متعلق اپیلوں پر سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
کیس کی آئندہ سماعت 16 ستمبر 2026 کو ہوگی۔
Comments
0 comment