عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ کا دوسرا ریفرنس بھی دائر

عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ کا دوسرا ریفرنس بھی دائر

نیب نے سعودی عرب سے ملنے والے جیولری سیٹ کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیا
عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ کا دوسرا ریفرنس بھی دائر

ویب ڈیسک

|

20 Aug 2024

قومی احتساب بیورو نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 دائر کردیا جس کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں ہیں۔

دستاویز کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021  دورہ سعودی کے موقع پر دیا گیا، جس میں ایک عدد انگوٹھی ، ایک عدد بریسلٹ ، ایک نیکلس ، ایک جوڑی بالیاں شامل تھیں۔

تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا جبکہ ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے 18 مئی 2021 کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا۔

بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودیہ عرب کو 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو اور بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں، کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے معلومات نہیں مل سکیں۔

دستاویز کے مطابق 28 مئی 2021 کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی تھی جبکہ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے اور جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔

توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے مگر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے جیولری سیٹ کی قیمت کم لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا۔

ریفرنس کے مطابق اسی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9 اور سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے اور انہیں اپنی وزارت عظمی میں 108 تحائف ملے جن میں سے انہوں نے 58 اپنے پاس رکھے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!