آفاق احمد ضمانت منظور ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار

Webdesk
|
21 Feb 2025
کراچی: انسداددہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کی ٹرک نذر آتش کرنے کے 2 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ سرجانی ٹائون تھانے میں درج مقدمے میں دوبارہ گرفتارکرلیا گیا۔
جمعہ کوکراچی کی انسداددہشت گردی کی عدالت میں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔عدالت نے آفاق احمد کی 2مقدمات میں ضمانت منظور کرلی اور ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد آفاق احمد کی ایک اور مقدمے میں گرفتاری ڈال دی گئی۔
آفاق احمد کے وکیل جاوید چھتاری ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ آفاق احمد کودوبارہ گرفتارکرلیا گیا ہے، آفاق احمد کو سرجانی ٹائون تھانے کے مقدمے میں گرفتارکیا گیا۔
ڈمپر جلانے کے مقدمے میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد شہریوں کو اکسانے کا الزام ہے، آفاق احمد کی 2 مقامات میں اے ٹی سی نے ضمانت منظورکی تھی۔
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیزی، لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
آفاق احمدکی ایک ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی گئی، آفاق احمد کی پیروی جاوید چھتاری ایڈووکیٹ نے کی۔واضح رہے کہ اے ٹی سی کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی درخواست ضمانت پرگذشتہ روز سماعت ہوئی۔
دوران سماعت وکیل جاویدچھتاری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ آفاق احمد کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا.وکیل صفائی نے کہا کہ آفاق احمد نے کسی کو ڈمپر یا ٹینکر جلانے کا نہیں کہا، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
Comments
0 comment