بلاول بھٹو کی کسی صورت مدد نہیں کریں گے، عمران خان
ویب ڈیسک
|
26 Jan 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت میں بلاول بھٹو زرداری کی مدد نہیں کریں گے، یہ بظاہر ایک دوسرے کے مخالف مگر اندر سے ایک ہیں۔
اڈٰیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ عدالتی کارروائی اوپن ٹرائل نہیں ہے، میڈیا کے دوستوں کو پیچھے بٹھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے کہتا ہوں کہ سارا کنٹرول ان کے پاس ہے، بات اس سے کرنی چاہیے جس کے پاس پاور بھی ہو، میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ صاف شفاف انتخابات کروائیں ۔ عوام جس کو چاہیں اس کو لانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، ہمارے لوگوں کو اب بھی پکڑا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی میدان میں موجود ہی نہیں تو سروے کیسے کیا جارہا ہے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حالات اب یہ بن چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بھی اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن نے ان کی مدد کی تھی، ساری جماعتیں ہمارے خلاف ایک ہوچکی ہیں پھر بھی پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنا مشکل ہے، ہماری کارنر میٹنگ ہوتی ہے تو پولیس چھاپے مارنا شروع ہو جاتے ہیں ۔ اتوار کو چھپے ہوئے لوگ باہر آئیں اور اپنی کمپین شروع کریں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کا الزام ہم پر لگایا گیا لیکن ہم نے تو کوئی قانون نہیں توڑا، جب مجھے گولیاں لگیں تب بھی کوئی احتجاج نہیں ہوا تھا ۔ 2018 میں بھی بتایا جائے کہ کس نے الیکشن سے روکا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہم کسی صورت بلاول بھٹو زرداری کی مدد نہیں کریں گے ۔ وہ مدد مانگ رہا ہے تو اُن سے مانگے جن سے مل کر 16 ماہ حکومت کی ۔ یہ آج ایک دوسرے کے مخالف ہو چکے ہیں لیکن یہ اندر سے ایک ہی ہیں۔
اس سے پہلے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت کے دوران جج سے مکالمہ کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ سارا ڈراما 8 فروری کے لیے کیا جارہا ہے۔ اگر یہ ڈراما کرنا ہے تو 8 فروری کے بعد کر لیں۔ عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ میں نواز شریف اور آصف زرداری کو 13 فروری کی تاریخ کی گئی۔ میں روز سنتا ہوں کہ ایک کے بعد ایک کیس بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے کیسز بھی روز رکھیں تا کہ کام جلدی مکمل ہو۔ 8 سال پرانا کیس 13 فروری کو رکھا گیا جب کہ 4 سال پرانا کیس روز رکھا جاتا ہے۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی ہمارے گواہان پیش ہونے ہیں ان پر جرح ہونی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے جو 300 کروڑ کا چھکا مارا وہ گراونڈ سے باہر گیا۔
Comments
0 comment