بنوں واقعے پر صوبائی حکومت کا کمیشن تشکیل، ’جرگے کی کاوشوں سے امن قائم‘

بنوں واقعے پر صوبائی حکومت کا کمیشن تشکیل، ’جرگے کی کاوشوں سے امن قائم‘

مشیر برائے اطلاعات نے امن قائم ہونے کا دعوی کیا ہے
بنوں واقعے پر صوبائی حکومت کا کمیشن تشکیل، ’جرگے کی کاوشوں سے امن قائم‘

ویب ڈیسک

|

20 Jul 2024

خیبر پختونخوا حکومت نے دعوی کیا ہے کہ بنوں میں پیش آنے والے واقعے کے بعد جرگے کی مدد سے امن بحال کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ضلع بنوں میں وزیراعلیٰ کے حکم پر ضلعی انتظامیہ، سیاسی اور سماجی عمائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دیا گیا تھا جس کی کاوشوں سے امن بحال ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرگے کی تشکیل کے بعد امن و امان بحال ہوگیا جبکہ حالات معمول پر آگئے ہیں اور مستقبل میں امن و امان کیلیے سیاسی و سماجی عمائدین و مقامی افراد پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو دیرپا امن، ایسے وقعات کے تدارک کیلیے ٹھوس اقدامات پر مبنی لائحہ عمل تیار کرے گی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا جو غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گا اور پھر ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ کو پبلک کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے ناخوشگور واقعہ بنوں کینٹ میں گذشتہ دنوں خودکش دھماکے والی حساس جگہ پر رونما ہوا۔ خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری جان سے گئے تھے۔ اس مقام  کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعہ کی ایک وجہ بنی۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ روز بنوں میں امن مارچ کے دوران فائرنگ سے دوافراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے ترجمان نے کہا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا اور بیشتر افراد بھگدڑ مچنے سے زخمی ہوئے۔ 

بدامنی اور دہشت گردی کی اس لہر کی وجہ سے بنوں تحریک امن پاسون کے عمائدین کی جانب سے 19 جولائی کو امن مارچ کی کال دی گئی جس میں تمام سیاسی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور تاجر برادری کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!