برطانیہ کا پاکستانی معیشت کو 20 کھرب ڈالر تک پہنچانے کا عندیہ

برطانیہ کا پاکستانی معیشت کو 20 کھرب ڈالر تک پہنچانے کا عندیہ

برطانوی ہائی کمشنر کا اسلام آباد سمٹ میں اعلان
برطانیہ کا پاکستانی معیشت کو 20 کھرب ڈالر تک پہنچانے کا عندیہ

ویب ڈیسک

|

17 Apr 2025

اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور وہ پاکستان کی معیشت کو 2 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔  

انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا بھر میں مالیاتی، کاروباری اور تجارتی خدمات کا ایک اہم مرکز ہے اور پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرامید ہے۔ میریٹ نے اس موقع پر موجود کاروباری رہنماؤں اور ماہرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "میں اس فورم پر موجود ذہین اور قابل افراد سے گفتگو کر کے خوش ہوں۔ برطانیہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہونے کے ساتھ ساتھ مالیاتی خدمات کا سب سے بڑا فراہم کنندہ بھی ہے۔"

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 4.4 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ برطانیہ کا ہدف اسے آنے والے سالوں میں 10 ارب پاؤنڈ تک لے جانا ہے۔  

ہائی کمشنر نے زور دے کر کہا کہ برطانیہ پاکستان میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہنر مندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دے گا، جس سے پاکستانی معیشت کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔  

اس موقع پر سمٹ میں شریک کاروباری شخصیات اور ماہرین معاشیات نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!